بھارت میں 11پاکستانیوں کے قتل کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ بار کی درخواست

September 30, 2020

اسلام آباد (اے پی پی) بھارت میں 11 پاکستانی ہندوئوں کے قتل کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے عدالت میں درخواست دائر کر دی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ وفاقی حکومت اور دفتر خارجہ کو معاملہ عالمی عدالت انصاف میں اٹھانے کے احکامات دیئے جائیں۔ دہشت گرد تنظیم آر ایس ایس پر پابندی لگوانے کے لئے تمام اقدامات کئے جائیں۔ درخواست میں یہ موقف بھی اپنایا گیا کہ پاکستان میں بھارتی سفارتخانہ کے خلاف اقدامات اور متاثرہ خاندانوں کو انصاف دلانے کے احکامات جاری کئے جائیں، بھارتی سفارتخانہ کا کردار نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ بھارتی سفارتخانہ نے ویزہ جاری کرنے کے بعد معلومات ”را“ کو فراہم کیں جس کی وجہ سے ”را“ نے پاکستانی ہندوئوں کا قتل عام کیا۔ یاد رہے کہ سندھ سے تعلق رکھنے والے ہندوئوں کو بھارتی راجستھان میں ان کی پناہ گاہ میں قتل کر دیا گیا تھا۔