بینکنگ کورٹ کے جج نے ایف آئی اے انسپکٹر کے خلاف تحقیقات کا حکم دے دیا

September 30, 2020

کراچی (اسد ابن حسن) بینکنگ کورٹ کے معزز جج نے حکم دیا ہے کہ ڈی جی ایف آئی اے کراچی میں کمرشل بینک سرکل میں تعینات انسپکٹر فرید کے خلاف محکمہ جاتی انکوائری کرائیں کہ اس نے ایک گرفتار ملزم کو تین چالانوں میں ہنڈی حوالہ میں پوری طرح ملوث بتایا جبکہ چوتھے ضمنی چالان میں اس کو بے قصور اور رہا کرنے کی استدعا کی ہے۔ موصولہ دستاویزات کے مطابق بینکنگ کورٹ کے پریذائڈنگ آفیسر عبدالکریم انصاری نے اپنے فیصلے جس کی کاپی ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کو بھی بھیجی گئی ہے، میں ایک ملزم کی ضمانت کے حوالے سے تحریر کیا ہے کہ سی بی سی کراچی میں تعینات انسپکٹر فرید نے مقدمہ نمبر 4/2020 جوکہ پی ایس ایل میں بکیوں کے حوالے سے تھا، اس میں تین انٹیرم اور سپلیمنٹری چالان عدالت میں جمع کرائے، ان میں سات ملزمان کی گرفتاری ظاہر کی اور پانچ کو ضمانت پر ظاہر کیا جبکہ چھ کو مفرور بتایا مگر حیرت انگیز طور پر چوتھے سپلیمنٹری چالان میں ایک گرفتار ملزم محمد فیصل عرف چٹا کو بے قصور ظاہر کردیا جبکہ تین چالانوں میں اس کو پوری طرح سٹے میں ملوث بتایا گیا تھا۔