تین بہنوں اوربھائی کےقتل کاسفاک ملزم گرفتار،مقتولین سپردخاک

September 30, 2020

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر )تھانہ ائیرپورٹ کے علاقہ میں فائرنگ کرکے تین بہنوں اوران کے بھائی کوموت کے گھاٹ اتارنے والے سفاک ملزم کوگرفتارکرلیاگیا۔راولپنڈی پولیس نے منگل کی رات ملزم کوحراست میں لے لیا۔اس سے قبل قتل ہونے والی تین بہنوں اوران کے بھائی کو مقامی قبرستان میں سپردخاک کردیاگیا، ان کی نماز جنازہ منگل کی صبح اداکی گئی اس موقع پرپولیس کی بھاری نفری موجود تھینماز جنازہ میں اہل علاقہ اورمقتولین کے عزیزواقارب نے شرکت کی ۔اس سے قبل تھانہ ائرپورٹ میں قتل کی دوایف آئی آرزکا اندراج کیاگیا ایک ایف آئی آرمقتولین کے والداوردوسری ان کے بھائی نے درج کرائی۔ تھانہ ائرپورٹ کو نوید اقبال نے بتایاکہ نورانی محلہ چکلالہ میں فیملی کے ساتھ رہائش پذیر ہوں دن دوبجے میں اور میری بیٹیاں اریج کنول، فائزہ کرن، صباحت ارم اور حرا گھر میں موجود تھے کہ اسی اثناء میں غلام عباس آگیا جس نے کہا کہ تمہاری بیٹی اریج کنول نے میرے بھائی خرم کیساتھ کیوں شادی کی ہے جو پہلے ہی بال بچے دار ہے جس نے گالی گلوچ شروع کر دی اور پسٹل نکال کر فائر نگ کر دی ۔حرا، صباحت ارم، فائرہ کرن موقع پر جا ں بحق ہو گئیں جبکہ اریج کنول کو زخمی حالت میں ہسپتال پہنچایا، وجہ عناد یہ ہے کہ غلا م عباس کے بھائی خرم نے میری بیٹی اریج کنول سے پسند کی شادی کر رکھی تھی۔ اس رنج پر غلام عباس نے 2 نامعلوم افراد جو باہر کھڑے رہے ہمارے گھر میں داخل ہو کر اندھا دھند فائرنگ کی ۔ دوسری ایف آئی آر ادیب علی ولد نوید اقبال کی مدعیت میں درج کی گئی جس کے مطابقمیں اور میرا سوتیلا باپ محمد آصف اپنے گھر کی چھت پر موجود تھے ، میرا بھائی علی حیدرزوہیب گھر کےصحن میں بیٹھا ہوا تھا کہ اسی اثناء میں غلام عباس 2نامعلوم افراد کے ہمراہ آگیا اور آتے ہی میرے بھائی علی حیدر زوہیب پر فائرنگ کی جس سے وہ شدیدزخمی ہو کر جاں بحق ہو گیا ۔ پولیس کے مطابق دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے ماہر تفتیشی افسران پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دیکر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ایچ آئی یوتھانہ ائرپورٹ کے سب انسپکٹرمحمدظہور،اے ایس آئی احمدشیراورکانسٹیبلزاسد اورشفیق پرمشتمل ٹیم نے ملزم غلام عباس کوگلزارقائدسے گرفتارکیا۔