اندھے قتل کا ڈراپ سین، اطلاع دینے والا قاتل نکلا

September 30, 2020

راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)تھانہ پیر ودہائی کے علاقہ میں اندھے قتل کی واردات کا ڈراپ سین ہو گیا،15 پر قتل کی اطلاع دینے اور مقدمہ کا مدعی بننے والا مقتول کا داماد ہی مبینہ قاتل نکلا۔ تھانہ پیرودھائی پولیس کو کچھ روز قبل محمد ناصر نے درخواست دی کہ اسکی بیوی نے اسے کال کرکے بتایاکہ ابوکے کمرہ سے سخت بدبو آرہی ہے اورباہر سے تالا لگا ہواہے ، وہاں پہنچا تو کافی لوگ جمع تھے جس پراس نے 15پر کال کی ،پولیس نے اس کی موجودگی میں کمرے کاتالا توڑا تو دیکھا کہ اند ر اس کے سسراکرم کی نعش بستر پر پڑی تھی جس کے ہاتھ بندھے ہوئے تھے ۔ پولیس نے لاش تحویل میں لیکرمقتول کے داماد محمد ناصر کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیاتھا۔ سی پی او راولپنڈی احسن یونس نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی راول کو ملزم کی گرفتاری کا ٹاسک دیا تھا ۔ پولیس تفتیش میں انکشاف ہواکہ قاتل مقتول کااپناداماد محمد ناصر ہی ہے جس پراس کو گرفتار کر لیاگیا ۔ پولیس کے مطابق ملزم نے دوران تفتیش اپنے سسر کوقتل کرنے کا اعتراف کر لیا۔ایس ایچ او پیرودھائی ندیم ظفرنے بتایاکہ ملزم نے جائیداد اور رقم کے حصول کے لئے اپنے سسر کو قتل کیا اور اپنے جرم کو چھپانے کیلئے 15 پر کال کرکے خود مدعی بن گیا۔