نواب آف جوناگڑھ نے بھارت کا اصلی چہرہ بے نقاب کردیا

September 30, 2020


بھارت کے ایک ہی واقعے پر دو متضاد چہرے سامنے آگئے، نواب آف جوناگڑھ محمد جہانگیر خان نے بھارت کا اصلی چہرہ بے نقاب کردیا۔

نواب آف جونا گڑھ محمد جہانگیر خان نے ایک وڈیو بیان میں کہا ہے کہ ریاست جونا گڑھ کا پاکستان سے الحاق، جونا گڑھ اسٹیٹ کونسل کی منظوری سے ہو ا تھا، بھارت نے اس قانونی الحاق کو بندوق کی طاقت سے روند ڈالا، اور ریاست پر قبضہ کیا۔

نواب آف جوناگڑھ نے کہا ہے کہ بھارت نے مہاراجہ کی سازش پر نام نہاد الحاق کو بنیاد بناکر کشمیر پر فوج کشی کرکے قبضہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ دوسری طرف نواب آف جوناگڑھ کے پاکستان سے الحاق کے جواب میں جونا گڑھ پر فوج کشی کرکے قبضہ کیا۔

محمد جہانگیر خان نے مزید کہا کہ ریاست جونا گڑھ کے پاکستان سے الحاق کی منظوری جونا گڑھ اسٹیٹ کونسل نے دی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے ریاست جونا گڑھ کے قانونی الحاق کو بندوقوں کی طاقت سے روند ڈالا اور بندوقوں کے سائے میں نام نہاد ریفرنڈم بھی کرا ڈالا۔

نواب آف جونا گڑھ نے یہ بھی کہا کہ بھارتی فوج نے طاقت کے زور پر مطلوبہ ہدف حاصل کیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت ریفرنڈم کا اتنا ہی دلدادہ ہے تو کشمیر میں اقوام متحدہ قراردادوں کے مطابق ریفرنڈم کرائے۔