بھارت: مقامی لوگوں کی جانور نگلنے والے اژدھے کی مدد

September 30, 2020

اژدھا ایک خطرناک جانور ہے، اور بڑے سے بڑے شکار کو ہڑپ کرنے میں بالکل بھی نہیں گھبراتا، مگر بھارت میں اژدھے کو ایک بھاری بھر کم جانور نگلنا بہت مہنگا پڑگیا اور اسے اپنی جان بچانا مشکل ہوگیا۔

بھارتی ریاست اتر پردیش میں ایک اژدھے نے بھاری جانور کو زندہ تو نگل لیا مگر اس کے بعد وہ مشکل میں آگیا۔

ہوا کچھ یوں کہ جب اژدھے نے جانور کا شکار کرنے کے بعد اسے نگلا تو اس کے بعد اژدھے کا رینگنا بہت مشکل ہوگیا، ایسے میں محکمہ جنگلات کے عملے نے آکر اسے ریسکیو کیا۔

اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی ہے، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اتر پردیش کے ایک علاقے میں اژدھا سڑک کے کنارے کھڑا ہوا ہے اور رینگنے کی ناکام کوشش کر رہا ہے۔

اس تمام منظر کے دوران محکمہ جنگلات کا عملہ آیا اور اس نے اس اژدھے کو بچانے کی کافی کوشش کی اور ایک موٹی رسی کے ذریعے اسے ٹرک میں چڑھانا شروع کر دیا۔

محکمہ جنگلات کے آفیسر راجیو کمار نے میڈیا کو بتایا کہ جیسے ہی ہمیں خبر ملی کہ ضلع رام پور کے گاؤں میںایک اژدھا آگیا ہے اور اسے رینگنے میں مشکل ہورہی ہے تو ہماری ٹیم فوراً وہاں پہنچی اور اس نے ریسکیو آپریشن شروع کردیا اور اسے پکڑنے کے بعد قریبی جنگل میں چھوڑ دیا۔

راجیو کمار نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ اژدھے نے ایک بڑی بکری کو نگل لیا ہے، جس کی وجہ سے اسے رینگنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ مقامی لوگ اسے دیکھ کر خوفزدہ ہوگئے تھے، ہم نے ان سے کہا کہ آپ لوگ ڈریں نہیں کیونکہ یہ نقصان پہنچانے والا سانپ نہیں ہے اور نہ ہی اس میںزہر ہے۔