باغات کے فضلہ پر لوٹن کے رہائشیوں سے تجاویز طلب

October 01, 2020

لوٹن (نمائندہ جنگ) کوویڈ 19 کے بحران کا اثر لوٹن کونسل بھر میں سروسز کے لئے دستیاب فنڈز پر پڑا ہے جس کا مطلب ہے کہ کٹوتی کرنے کی ضرورت ہے ۔ کونسل گندگی، فضلہ جمع کرنے کی خدمات کو تبدیل کرنے کی تجاویز پر رائے طلب کر رہی ہے، لوٹن کونسل کی سائٹ پر موجود معلومات کے مطابق فی الحال یہ کونسل مارچ سے نومبر تک صوابدیدی خدمت کے طور پر باغ کے کچرے کو پندرہ دن بعد اٹھاتی ہے تاہم اب کونسل نے ایک مشاورت شروع کی ہے تاکہ یہ معلوم کیا جائے کہ لوگ اس سروس کے لیے معاوضہ دینے کے بارے میں کیا سوچتے ہیں، کونسل یہ جاننا چاہتی ہے کہ اگر اسے متعارف کرایا جاتا ہے تو آیا رہائشی اس خدمت کو سبسکرائب کریں گے،وہ اس خدمات کے لئے کتنا معاوضہ ادا کرنے کے لئے تیار ہوں گے، ور اگر نہیںتو وہ اپنے باغ کے کچرے کو کس طرح ضائع کریں گے، فضلات اور ری سائیکلنگ کے پورٹ فولیو ہولڈر کونسلرٹام شا نے کہا ہے کہ ہمیں اہم مالی دباؤ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور اگست 2020 میں حالیہ ہنگامی بجٹ کے دوران ہم کوفراہم کی جانے والی کچھ سروسز کی پائیداری کے بارے میں مشکل فیصلے کرنا پڑے ہیں "فضلہ اور ریسایکلنگ مقامی لوگوں کے لئے ایک سب سے اہم سروس ہے اور ہم جانتے ہیں کہ بہت سے باشندے باغ کے فضلے کو جمع کرنے کی قدر کرتے ہیں تاہم یہ ایک اضافی خدمت ہے جو کونسل کا فراہم کرنا ضروری نہیں لہذا ہم ان لوگوں کے لئے چارجز متعارف کروانے کی تجویز کر رہے ہیں جو اسے استعمال کرنا چاہتے ہیں اور ہم لوگوں سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ ہمیں اپنے خیالات پیش کریں۔ یہ مشاورت 28 ستمبر سے 25 اکتوبر تک جاری ہے۔ کسی حتمی فیصلے کے لئے ایگزیکٹو کے پاس جانے سے پہلے ان کاردعمل کا تجزیہ کیا جائے گا۔ اگر یہ تجویز آگے بڑھی تو چارج شدہ سروسز مارچ 2021 میں لاگو ہوگی۔ باغ کے فضلہ جمع کرنے کی خدمت www.luton.gov.uk/letstalk پر اپنی بات کہیے۔