لارڈ قربان حسین کیلئے صدر پاکستان کی جانب سے اعلیٰ ترین سول اعزاز

October 01, 2020

لندن ( نیوز ڈیسک ) ہائی کمشنر معظم احمد خان نے لارڈ قربان حسین کو اعلیٰ ترین سول اعزاز ’’ ستارہ قائداعظم ‘‘ عطا کیا۔تقریب ایک روز قبل ہائی کمیشن پر منعقد ہوئی۔اس موقع پر ہائی کمشنر نے برطانیہ اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے پر ان کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے برطانوی پارلیمنٹ میں بھارتی قابض فورسز کی جانب سے کشمیریوں کی آواز خاموش کرنے کے لئے ظالمانہ تشدد اجاگر کرنے اور تنازع پر آگہی کوفروغ دینے پر لارڈ قربان کے کردار کو بھی سراہا۔اس موقع پر مسٹر خان نے کہا کہ اعلیٰ ترین سول اعزاز لارڈ حسین کی خدمات کے اعتراف میں دیا جا رہا ہے۔اپنے کلمات میں لارڈ حسین نے امتیازی اعزاز عطا کرنے پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی فوائد کے تعلقات مزید مستحکم کرنے کے لئے کام کرتے اور بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر ( آئی آئی او جے کے) کے لوگوں کے قانونی حقوق کے لئے آواز اٹھاتے رہیں گے۔ واضح رہے کہ لارڈ حسین برطانیہ کی لبرل ڈیموکریٹ پارٹی کے ایک پرانے اور متحرک رکن ہیں اور 20 جنوری 2011 کو انہیں تاحیات لارڈ شپ عطا کی گئی تھی۔ وہ کشمیری نژاد برطانوی ہیں۔ اس سال صدر پاکستان نے چار برٹش پاکستانی ارکارن پارلیمنٹ بشمول بیرونس سعیدہ وارثی ، لارڈ قربان حسین ، یاسمین قریشی ایم پی اور رحمان چشتی ایم پی کو پاکستان کے لئے ان کی خدمات کے اعتراف میں ’’ ستارہ قائداعظم ‘‘ عطا کیا ۔ سوشل ڈسٹنسنگ گائیڈ لائن کی تکمیل کرتے ہوئے ہائی کمیشن مستقبل قریب میں اعزاز حاصل کرنے والے دیگر رہنمائوں کے لئے علیحدہ علیحدہ تقریب اعزاز منعقد کرے گا۔