سفیر آفتاب کھوکھر نے آسٹریا کے صدرکو اسناد سفارت پیش کردیں

October 01, 2020

لندن (نیوز ڈیسک) سفیر آفتاب احمد کھوکھر نے ہاف برگ پیلس پر گزشتہ روزمنعقدہ ایک سرکاری تقریب کے دوران اپنی اسناد سفارت جمہوریہ آسٹریا کے وفاقی صدر ڈاکٹر الیگزینڈر وان ڈر بیلن کو پیش کر دیں ۔ اپنی اسناد پیش کرتے ہوئے سفیر کھوکھرنے وفاقی صدر کو صدر ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان کے پیغامات پہنچائے۔انہوں نے پاکستان اور آسٹریا کے درمیان تعلقات کو مزیدمستحکم اور توسیع دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ صدر وان ڈر بیلن نے اس امر کو نوٹ کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان بالخصوص قابل تجدید توانائی ، گرین اکنامی اور اعلیٰ تعلیم کے شعبوں میں وسیع مواقعے موجود ہیں۔ انہوں نے کلائمیٹ چینج سے نمٹنے کے لئے وزیراعظم عمران خان کے عزم کی تعریف کی اور انہیں آسٹرین عالمی کانفرنس سے ان کا حالیہ ورچوئل خطاب یاد دلایا۔ انہوں نے کوویڈ۔ 19 سے متعلق پاکستان کی پالیسی اور اقدامات کی تعریف بھی کی ۔ سفیر کھوکھر جن کی آخری تعیناتی اسلام آباد میں وزارت امور خارجہ میں تھی، وہ ایڈیشنل سیکریٹری ( امریکاز) تھے اور قبل ازیں لبنان میں پاکستان کے سفیر کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔ وہ جنیوا میں اقوام متحدہ کے لئے پاکستان کے مستقل مندوب اور جدہ ، سعودی عرب میں پاکستان کے قونصل جنرل بھی رہ چکے ہیں۔ سفیر کھوکھر ویانا میں قائم بین الاقوامی تنظیموں میں پاکستان کے مستقل مندوب کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں گے جن میں انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی ، یو این انڈسٹریل ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن ، یو این آفس آن ڈرگس اینڈ کرائم اور یو این کمیشن آن انٹرنیشنل ٹریڈ لا شامل ہیں۔