کورونا اموات کی اصل تعداد موجودہ اعداد و شمار سے کہیں زیادہ ہے، طبی ماہرین

October 01, 2020

لندن (اے پی پی) دنیا بھر میں مہلک کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 10 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ طبی ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد موجودہ اعداد و شمار سے کہیں زیادہ ہے۔ منگل کو برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق دنیا کے بہت سے خطوں میں اب بھی کورونا وائرس کے نئے کیسز میں اضافہ ہورہا ہے۔ جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق دنیا میں ہونے والی مجموعی اموات میں سے تقریباً نصف تعداد امریکہ، برازیل اور بھارت میں ہونے والی اموات کی ہے۔ ماہرین نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد موجودہ اعداد و شمار سے کہیں زیادہ ہے۔ ادھر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے اس صورتحال کو پریشان کن اور اذیت ناک قرار دیا ہے۔ اپنے ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ ہمیں کسی ایک انسان کی زندگی کو بھی فراموش نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مہلک کورونا وائرس سے لقمہ اجل بننے والے باپ تھے، مائیں تھیں، بیویاں، شوہر، بہن، بھائی، دوست اور ساتھی تھے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا سے بڑے پیمانے پر جانی نقصان نے درد کو کئی گنا زیادہ کردیا ہے۔