سوشل میڈیا پر مقدس ہستیوں کے بارے میں نازیبا مواد کی روک تھام کیلئے درخواست، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے وفاقی سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری مواصلات، چیئرمین PTAاور ڈی جی FIA کو طلب کرلیا

October 01, 2020

لاہور (نمائندہ جنگ) سوشل میڈیا پر مقدس ہستیوں کے بارے میں نازیبا و توہین آمیز مواد کی روک تھام کےلئے دائر درخواست پر چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ محمد قاسم خان نے آئندہ تاریخ سماعت پر وفاقی سیکرٹری داخلہ، وفاقی سیکرٹری مواصلات، چیئرمین پی ٹی اے، اور ڈی جی ایف آئی اے اسلام آباد کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا. عدالت نے قرار دیا کہ متذکرہ درخواست رسول پاک ﷺ ، امہات المومنین رضی اللہ عنہما اور صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اجمعین کی حرمت سے متعلق ہے اور ان مقدس ہستیوں سے تمام مسلم امہ کے جذبات وابستہ ہیں. ریاست کی ذمہ داری ہے کہ آئین اور قانون کے مطابق مقدس ہستیوں کی حرمت کو یقینی بنائے اور کسی بھی قسم کے توہین آمیز اور نازیبا کلمات و مواد کے پھیلاؤکی روک تھام کے لئے اقدامات کرے۔