سیکرٹری اطلاعات کی APNS وفد کو مجوزہ پریس اینڈ پبلی کیشن ایکٹ پر بریفنگ

October 01, 2020

لاہور(نمائندہ جنگ)سیکرٹری انفارمیشن پنجاب راجہ جہانگیر انور نے اے پی این ایس کے وفد سے ملاقات میں مجوزہ پنجاب پریس اینڈ پبلی کیشن ایکٹ 2020 پر بریفنگ دی۔ وفد میں سیکرٹری جنرل اے پی این ایس سرمد علی، کنوینر/ صدر پنجاب خوشنود علی خان، جمیل اطہر قاضی، سعدیہ شریف، سید عمران رضا، عثمان شامی، عمران اطہر، طاہر مرزا، ممتاز علی، ہمایوں گلزار، سید محمد منیر اور میاں اکبر شامل تھے. اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ پنجاب ڈاکٹر محمد اسلم ڈوگر موجود تھے. سیکرٹری اطلاعات نے اے پی این ایس کے وفد سے گفتگو میں کہا کہ وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے مجوزہ نئے ایکٹ پر پرنٹ میڈیا کو اعتماد میں لینے کی ہدایت کی ہے۔اٹھارویں آئینی ترمیم کے بعد پنجاب میں پرنٹ میڈیا اور پرنٹنگ پریسز کو ریگولیٹ کرنے کا کوئی قانون موجود نہیں تھا۔ محکمہ اطلاعات نے سٹیک ہولڈرز سے مشاورت اور تمام جزئیات کا جائزہ لینے کے بعد پنجاب پریس اینڈ پبلی کیشن ایکٹ تیار کیا جو منظوری کے لئے جلد قانون ساز اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔ راجہ جہانگیر انور نے کہا کہ ایکٹ میں پرنٹنگ پریسوں، اخبارات اور ایڈورٹائزمنٹ کے امور کا احاطہ کیا گیا ہے۔ پنجاب حکومت اس قانون کے نفاذ سے اخبار یا پریس کے ڈیکلریشن و دیگر معاملات کیلئے زیادہ محکموں کی مداخلت ختم کر کے رجسٹرار آفس کے ذریعے پرنٹ میڈیا کو ون ونڈو آپریشن کی سہولت مہیا کر رہی ہے۔ نئے قانون کے تحت رجسٹرار یا محکمہ اطلاعات کے فیصلوں کیخلاف پنجاب پریس ٹربیونل سے رجوع کیا جاسکے گا۔ انہوں نے وفد کی طرف سے تجاویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پرنٹ میڈیا کی اہمیت آج بھی مسلمہ ہے اور خود وزیراعلیٰ عثمان بزدار بھی پرنٹ میڈیا کی باوقار صحافت کے معترف ہیں۔ سیکرٹری اطلاعات نے اخبارات کی ریڈرشپ بڑھانے کی اے پی این ایس کی مہم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اخبارات نوجوانوں بالخصوص طالبعلموں کو متوجہ کرنے کے لئے اقدامات کریں۔