یونیورسٹی فیسوں میں اضافے کیخلاف طلباء اور سول سوسائٹی کا احتجاج

October 01, 2020

اسلام آباد ( خصوصی نامہ نگار) یونیورسٹی فیسوں میں اضافے کے خلاف بدھ کو طلباء اور سول سوسائٹی نے نیشنل پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ سول سوسائٹی کے ڈاکٹر بشیر نے کہا کہ یونیورسٹی فیسوں میں اضافہ آئین کی خلاف ورزی ہے,حصول تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے ،امیروں کے بچے تو پرائیویٹ یونیورسٹیوں میں بھی پڑھ سکتے ہیں،غریبوں کے بچے ہی سرکاری یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کرتے ہیں، ان کے لیے یہ بھی مشکل بنا دی گئی ہے ، ہم مطالبہ کرتے ہیں یونیورسٹیوں کی فیس فوری طور پر کم کی جائے ۔ گزشتہ سال اسی حکومت نے ایچ ای سی کے بجٹ پر کٹ لگایا تھا۔شگفتہ نذیر نے کہا کہ طلبہ کو دیوار کے ساتھ لگا دیا گیا، طلبہ اگر احتجاج نہ کریں تو اور کیا کریں۔ صبر کا امتحان نہ لیا جائے۔ طلباء آپس کی لڑائیاں ختم کریں اور اپنے مسائل کی لیے متحد ہو جائیں۔سماجی کارکن فرزانہ باری نےکہا کہ حصول تعلیم بنیادی انسانی حقوق کا مسئلہ ہے, اگر اپنے نوجوانوں کو تعلیم سے دور رکھیں گے تو کس طرح ترقی ہو گی۔حکمران طبقہ تعلیم کے لیے مخلص نہیں۔ احساس محرومی روز بروزبڑھ رہا ہے ۔ تمام تعلیمی اداروں کو نیشنلائز کرنے کی ضرورت ہے ۔