پاک ، سعودی تعلقات مزید مستحکم ہو رہے ہیں ، نواف بن سعید المالکی

October 01, 2020

اسلام آباد (جنگ نیوز) مسلم لیگ (ض) کے صدر اعجاز الحق اور پاکستان گرین ٹاسک فورس کے صدر ڈاکٹر جمال ناصر نے اسلام آباد میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی سے انکی رہائشگاہ پر ملاقات کی۔ اس دوران پاک سعودی تعلقات، ٖفلاح عامہ کے منصوبوں سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنمائوں نے خادمین حرمین شریفین کی طرف سے بیت اللہ شریف اور مدینہ منورہ میں مسجد نبوی ؐ سمیت تمام مقامات مقدسہ کی دیکھ بھال اور عازمین حج و عمرہ کیلئے بہترین سہولیات کی فراہمی پر سعودی فرمانروا شاہ سلطان کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ کورونا وباء پر قابو پانے کے بعد سماجی رابطے بحال ہو رہے ہیں جس سے باہمی تعاون کو فروغ حاصل ہو گا۔ انہوں نے پاکستان کیلئے سوشل سیکٹر میں سعودی امداد سے جاری منصوبوں کی تعریف کی۔ ملاقات کے دوران محمد اعجاز الحق نے کہا کہ سعودی عرب کیلئے اہل پاکستان کے دل اخوت و بھائی چارے کے جذبے سے لبریز ہیں اور وہ پاکستان کیلئے سعودی عرب بالخصوص شاہ سلمان کے جذبہ خیر سگالی کے جذبات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ اس موقع پر ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ سعودی عرب ہمارا مشکل وقت میں ایک مثالی دوست ہے، سعودی حکومت نے ہمیشہ پاکستان کی بھرپور امداد کر کے اخوت اور بھائی چارے کا عملی مظاہرہ کیا ہے۔ سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین گہرے برادرانہ تعلقات قائم ہیں جو وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔ پاکستان اور سعودی عرب میں باہمی تعاون کی جو فضا قائم ہے، اس سے محبت اور احترام کے رشتے مضبوط تر ہو رہے ہیں۔