بلڈ لیس مشین ڈائیلاسز کے مریضوں کیلئے بہترین تحفہ ہے، وزیر آئی ٹی

October 01, 2020

اسلام آباد (اپنےنامہ نگار سے ) وفاقی وزیر آئی ٹی وٹیلی کام سید امین الحق سے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے ملاقات کی،گردوں کے مریضوں کیلئے بنائی گئی پہلی بلڈ لیس ڈائیلاسز مشین کے حوالے سے وزارت صحت کو بریفنگ دی گئی، اس موقع پر وفاقی وزیر آئی ٹی نے کہا کہ خواہش ہے کہ وزارت صحت مشین سے متعلق ضروری امور انجام دے کر اسے ہسپتالوں کو فراہم کرے، وزارت آئی ٹی ڈیجیٹل پاکستان ویژن کے ساتھ عوامی خدمات کے شعبوں پر بھی کام کررہی ہے، انہوں نے کہا کہ ڈائیلاسس مشین کی تیاری ماتحت ادارے ایگنائٹ کی فنڈنگ سے بائیونکس کے تحت کی گئی،مشین کے ذریعے ڈائیلاسس کے تکلیف دہ اور مہنگے عمل کو آسان اور ارزاں بنایا جاسکے گا، وفاقی وزیرنے کہا کہ وزارت آئی ٹی کی جانب سے بلڈ لیس مشین ڈائیلائسس کے مریضوں کیلئے ایک بہترین تحفہ ہے، مشین کی تیاری کیلئے ایگنائٹ اور بائیونیکس دونوں مبارکباد کے مستحق ہیں، انہوں نے کہا کہ امید ہے وزارت صحت، ڈریپ اور دیگر مراحل کو جلد طے کرکے اسے مریضوں کیلئے دستیاب کرانے میں مدد کرےگی،معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے بلڈ لیس ڈائیلاسس مشین کو قابل عمل قرار دے دیا، مشین کی تیاری میں تمام مطلوبہ شرائط کو پورا کیا گیا ہے، وزارت آئی ٹی ، ایگنائٹ اور بائیونکس یقیناً مبارکباد کے مستحق ہیں، معاون خصوصی نے مشین کے حوالے سے تمام قانونی تقاضوں کو پورا کرنے کیلئے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی اوراس طرح کی عوامی مفادات کی ایجادات کو بھرپور پذیرائی ملنی چاہئے،ڈاکٹر فیصل نے کہا مشین کو ڈریپ سمیت تمام مراحل سے گزارنے کیلئے تیزترین عمل کی ضرورت ہے۔