میٹروٹرین کے ٹیسٹ رن بغیر انشورنس مکمل ،سٹیشنز میں خامیاں

October 01, 2020

لاہور(اپنے نامہ نگار سے) اورنج لائن میٹرو ٹرین کے ٹیسٹ رن بغیر انشورنس مکمل کئے گئے ۔ٹرین کو تاحال 12 گھنٹے کے مسلسل ٹیسٹ رن سے بھی نہیں گزارا گیا۔ ابتدائی منصوبہ بندی میں اورنج لائن کو 16 گھنٹے چلانے کا پلان بنایا گیا تھا ۔موجودہ حالات دیکھتے ہوئے اورنج لائن 12 گھنٹے کمرشل رن تک محدود کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ متعدد اسٹیشنز ایل ڈی اے نے تاحال ماس ٹرانزٹ کے حوالے نہیں کئے۔ نیسپاک کی جانب سے اسٹیشنز کی فنشنگ پر کئی خامیوں کی نشاندہی بھی کی گئی ہے، ایک کھرب 60ارب کے انفراسٹرکچر کا منصوبہ بغیر انشورنس ہی چل رہا ہے ۔جی ایم ماس ٹرانزٹ اتھارٹی سید عزیرشاہ نے اس حوالے سے بتایا کہ اورنج لائن کی انشورنس کا معاملہ چل رہا ہے، اورنج لائن کے کمرشل ٹیسٹ رن آپریشنل تاریخ سے دو ہفتہ قبل شروع کیا جائے گا۔ سید عزیز شاہ نے کہا کہ اورنج لائن ٹرین کے سٹاف کی ٹریننگ چل رہی ہے۔ رائیڈر شپ دیکھ کر اورنج ٹرین کے دورانیہ کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔