اوورسیز پاکستانیز کمیٹی کے اجلاس میں 20 کیسز کے حل کے احکامات

October 01, 2020

ملتان (سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر عامرخٹک اور چئیرمین شعیب اکمل ہاشمی کی زیرصدارت اوورسیز پاکستانیز کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد طیب خان ،اسسٹنٹ کمشنرز عابدہ فرید، محمد زبیر، ممبر کمیٹی رانا شیراز، محکمہ پولیس، واسا اور دیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے،کمیٹی کے اجلاس میں 33 کیس پیش کئے گئے جب کہ 20کیسسز کے فوری حل کے لئے احکامات جاری کردئیے گئے ہیں، ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دیار غیر میں رہنے والے پاکستانیوں کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے، اعلیٰ سطح پر اوورسیز پاکستانیوں کے کیسسز پر پیش رفت کو چیک کیا جاتا ہے، اوورسیز پاکستانیوں کا کوئی کیس التواء میں نہ رکھا جائے، انہوں نے کہا کہ کیسسز بارے پیش رفت کے سلسلے میں درخواست گزاروں کو مسلسل آگاہ رکھا جائے۔ چیئرمین شعیب اکمل ہاشمی نے کہا کہ حکومت بیرون ملک کام کرنیوالے پاکستانیوں کی جائیداد اور سرمائے کی ضامن اور محافظ ہے، اوورسیز پاکستانیز کمیٹی میں ابتک357کیس پیش کئے گئے، 259درخواست گزاروں کے مسائل کو حل کرلیا گیا۔