ای خدمت سنٹر عوامی اہمیت کا منصوبہ، فوری فعال کیا جائے،کمشنر

October 01, 2020

ملتان (سٹاف رپورٹر) حکومت پنجاب کی ہدایت پر ڈویژنل انتظامیہ ای خدمت سنٹر کی فعالی بارے متحرک ہوگئی۔اس حوالے سےگزشتہ روزکمشنر ملتان ڈویژن جاوید اختر محمود نے ای خدمت سنٹر کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔انہوں نے کہا کہ ای خدمت سنٹر عوامی اہمیت کا منصوبہ ہے،اس کو فوری فعال کیا جائے، انہوں نے ہدایت کی کہ وزیراعظم کے گرین وژن کے مطابق سنٹر میں پلکن اور املتاس کے تیار درخت بھی لگوائے جائیں۔ اس موقع پر منیجر خدمت سنٹر ساؤتھ عدنان ظفر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 15 کروڑ 10 لاکھ روپے کی لاگت سے تیار ای خدمت سنٹر 8 کنال 9 مرلے پر محیط ہے، سنٹر میں شہریوں کو 78سروسز ایک چھت تلے فراہم کی جائیں گی جبکہ 32سروسز صرف کنسٹرکشن سیکٹر سے منسلک ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ ای خدمت سنٹر میں 30کاؤنٹر بنائے گئے ہیں، سٹاف کا تربیتی سیشن جاری ہے، سنٹر میں بینک آف پنجاب فعال ہوچکا ہے جبکہ سنٹر میں داخل ہوتے ہی فرنٹ ڈیسک شہریوں کو مکمل معاونت فراہم کرے گا۔دریں اثنا انہوں نے شہریوں کی شکایت کے ازالے کیلئے اراضی ریکارڈ سنٹر کا اچانک دورہ کیا اور بلڈنگ کی خراب حالت پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔