حرا مانی کا بہترین دوست کون ہے؟

October 01, 2020

پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ حرا مانی نے سوشل میڈیا پر اپنے ایک پیغام کے ذریعے بتادیا کہ اُن کا بہترین دوست کون ہے۔

تصویر اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اداکارہ حرا مانی نے اپنی اور اداکار عفان وحید کی ایک فوٹو شیئر کی ہے، جس میں دونوں کھڑے ایک دوسرے کو دیکھ کر مسکرا رہے ہیں۔


انسٹاگرام پر شیئر کردہ تصویر کے ساتھ کیپشن میں اداکارہ نے لکھا کہ ’سالگرہ مبارک ہو عفان وحید، میرا بہت پیارا اور اچھا دوست، اللّٰہ آپ کو ہمیشہ خوش رکھے اور ہمیشہ کامیاب رکھے، آمین۔‘

حرا مانی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر یہ پوسٹ 18 گھنٹے قبل شیئر کی تھی جسے اب تک تقریباً 75 ہزار صارفین لائیک کرچکے ہیں جبکہ اداکارہ کی اس پوسٹ پر عفان وحید کو مداحوں کی جانب سے سالگرہ کی مبارک باد بھی دی جارہی ہے۔

اداکارہ حرا مانی اور عفان وحید نجی چینل پر نشر کیے جانے والے دو بلاک بسٹر ڈراموں ’دو بول‘ اور ’غلطی‘ میں ایک ساتھ کام کرچکے ہیں، یہ دونوں اداکار ایک دوسرے کے بہترین دوست ہیں جبکہ ناظرین کی جانب سے بھی ان دونوں کی ٹی وی جوڑی کو بے حد پسند کیا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ 35 سالہ عفان وحید نے سال 2006 میں جیو کے ڈرامے’تیرے پہلو میں‘ سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ وہ اس کے بعد ’میرے قاتل میرے دلدار، میں بشریٰ، بھول، میں نہ جانوں‘ اور دیگر ڈراموں میں بھی کام کرچکے ہیں۔

دوسری جانب 31 سالہ حرا مانی نے اداکاری کا آغاز سال 2013 میں ایک پروجیکٹ ’تیری میری کہانی‘ سے کیا تھا۔ وہ اس کے بعد ’یقین کا سفر، دل موم کا دیا، آنگن، بندش جیسے ڈراموں میں بھی کام کرچکی ہیں۔

اس کے علاوہ حرا مانی نے کامیابی کے ریکارڈ بنانے والے ڈرامے ’میرے پاس تم ہو‘ میں بھی اداکاری کی تھی۔