نواز شریف کی بذریعہ اشتہار طلبی، ایڈیشنل اٹارنی جنرل کا محکمہ اطلاعات کو خط

October 13, 2020


ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی بذریعہ اشتہار طلبی کے حوالے سے محکمہ اطلاعات کو خط لکھ دیا ہے۔

خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم کی طلبی کا اشتہار 19 اکتوبر کو شائع کرایا جائے، اشتہار میں لکھا گیا ہے کہ نواز شریف کو بذریعہ اشتہار پیشی کا آخری موقع دیا جاتا ہے۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے خط میں نواز شریف کی طلبی کا اشتہار اخبارات میں شائع کرانے سے متعلق لکھا ہے۔

خط میں بتایا گیا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے 7 اکتوبر کو نواز شریف کو بذریعہ اشتہار طلبی کا حکم دیا ہے، اشتہار العزیزیہ اسٹیل ملز اور ایون فیلڈ ریفرنس میں شائع کرائے جائیں۔

خط میں یہ بھی کہا گیا کہ عدالت نے ایک اردو اور ایک انگریزی اخبار میں اشتہار شائع کرانے کا حکم دیا ہے۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل کے خط میں بھی بتایا گیا کہ اشتہار انگریزی کے لاہور اور اردو کے لاہور اور لندن ایڈیشنز میں شائع کرایا جائے۔

خط میں اشتہار کے سائز کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ اشتہار کالی سیاہی سے بیک پیج کے ایک چوتھائی حصے پر چھاپا جائے۔

اشتہار کے متن کے حوالے سے خط میں کہا گیا کہ نواز شریف اسلام آباد ہائی کورٹ سے مفرور ہیں، انہیں بذریعہ اشتہار پیشی کا آخری موقع دیا جاتا ہے۔

اخراجات کے حوالے سے خط میں بتایا گیا کہ اشتہار کے تمام اخراجات وفاقی حکومت اٹارنی جنرل آفس کے ذریعے ادا کرے گی۔