مکہ اور مدینہ کے ہوٹلز کیلئے نئے ایس او پیز جاری

October 13, 2020

سعودی عرب نے مقدس ترین شہروں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے رہائشی ہوٹلوں کو ہدایت کی ہے کہ ایک کمرے میں دو سے زیادہ عمرہ زائرین کو نہ قیام نہ کرنے دیا جائے۔

سعودی میڈیا رپورٹ کے مطابق وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ تمام رہائشی ہوٹل کورونا وائرس سے بچاؤ پر مبنی ایس او پیز پر عمل کے پابند ہیں۔ ایک گروپ میں آنے والے عازمین عمرہ کو ایک ہی منزل پر واقع کمروں میں ٹھہرانا ضروری ہے۔

حکام نے مزید کہا کہ ہوٹلوں میں قرنطینہ مراکز یا کمرے موجود ہونے چاہئیں جن میں وزارت صحت سے رابطہ کرنے کے لیے ٹیلیفون کی سہولت بھی موجود ہو۔ جبکہ ایسے تمام ہوٹل اپنی گنجائش سے نصف مہمانوں کو رہائش فراہم کرنے کے مجاز ہونگے، ہوٹل سے حرم کے لیے نکلنے سے پہلے اعتمرنا سے پیشگی وقت لینا ضروری ہے۔

جن زائرین میں کورونا وائرس لاحق ہونے کی علامات پائی جائیں انہیں مخصوص کمروں تک محدود کیا جائے، اور انہیں آئسولیشن کی مدت پوری کرنے تک وہیں رہنے کا پابند کیا جائے گا۔ جبکہ ہوٹلوں میں بوفے پر پابندی ہے، اجتماعی کھانوں کا بھی اہتمام نہیں ہوگا۔