پاکستان سٹیزن پورٹل پر زینب الرٹ ایپ لانچ

October 15, 2020

حکومت پاکستان کی جانب سے پاکستان سٹیزن پورٹل پر زینب الرٹ ایپلیکیشن لانچ کر دی گئی ہے۔

اسلام آباد میں زینب الرٹ لانچ تقریب میں وفاقی وزیر اسد عمر اور وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری شریک ہوئے، اس دوران شیریں مزاری نے اپنے بیان میں کہا کہ چاہا تھا کہ پچھلی حکومت میں زینب الرٹ لانچ کریں، پی ایم پورٹل میں ’میرا بچہ‘ کے نام سے الرٹ موجود تھا۔

شیریں مزاری نے کہا ہے کہ زینب الرٹ پورے پاکستان میں ڈی پی اوز کے ساتھ منسلک ہے، زینب الرٹ پنجاب میں 36، کے پی میں 33، سندھ میں 50 ڈی پی اوز کے ساتھ لنک ہے، زینب الرٹ پر شکایات سے پولیس فوری کارروائی کرنے پر مجبور ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ زینب الرٹ ایپ کے استعمال سے فیک الرٹ نہیں ہو پائے گی، سٹیزن پورٹل ایپ 3 ملین پاکستانیوں کے استعمال میں ہے۔

شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ جلد ایک نیشنل ڈائریکٹری تشکیل دی جائے گی جو ایدھی اور دیگر اداروں کے ساتھ بچوں کے تحفظ پرکام کرے گی۔