آرمینیا اور آذربائیجان کے مابین انسانی بنیادوں پر نیا سیزفائر معاہدہ

October 19, 2020

باکو (اے ایف پی /جنگ نیوز )آذربائیجان اور آرمینیا کے مابین انسانی بنیادوں پر نیا سیز فائر معاہدہ طے پا گیا جس کے تحت قیدیوں ،لاشوں کا تبادلہ بھی کیا جائے گا،اتوار کی شب سے شروع ہونے والے سیز فائر کے بعد بھی دونوں جانب سے گولہ باری کی اطلاعات ہیں، آذری میڈیا کے مطابق سیز فائر کے بعد آرمینیا کی افواج نگورنو کاراباخ سے واپس آرمینیا کی طرف لوٹ رہی ہیں۔ تاہم اب تک ایسی خبروں کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو پائی۔ادھر اقوام متحدہ سربراہ نے دونوں ملکوں پر سیز فائر معاہدے کے احترام کیلئے زور دیا او ر شہری ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ ہفتے کی شام اس معاہدے کا اعلان دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کی جانب سے جاری کردہ مشترکہ تحریری بیان کے ذریعے کیا گیا۔روس اور فرانس کی کوششوں سے طے پانے والے فائر بندی کے نئے معاہدے پر ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب عمل درآمد بھی شروع کر دیا گیا۔ باکو حکام کے مطابق انسانی بنیادوں پر کیے گئے جنگ بندی کے اس معاہدے کے دوران لاشوں اور قیدیوں کا تبادلہ بھی کیا جائے گا۔روس کی ثالثی میں فریقین کے مابین فائر بندی کا معاہدہ گزشتہ ہفتے بھی طے پایا تھا تاہم اس پر مکمل طور پر عمل نہ کیا جا سکا۔