شاداب خان پاکستان وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان مقرر، زمبابوے سیریز کیلئے پلیئرز کا اعلان

October 20, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر) قومی سلیکشن کمیٹی نے حیران کن پیش رفت کرتے ہوئے شاداب خان کو پاکستان کی ون ڈے اور ٹی 20 کرکٹ ٹیم کا نائب کپتان مقرر کردیا ہے۔ زمبابوے کے خلاف ہوم سیریز میں بابر اعظم پہلی بار پاکستان ٹیم کی قیادت کریں گے۔ سرفراز احمد کو ممکنہ کھلاڑیوں میں بھی شامل کرنے سے گریز کیا گیا ہے جبکہ تجربہ کار آل رائونڈر شعیب ملک اور فاسٹ بولر محمد عامر کو بھی آرام دیا گیا ہے۔ قومی ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ کی کارکردگی پر پہلی بار بیٹسمین عبداللہ شفیق پاکستان ٹیم میں شامل ہوئے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ایک کروڑ سے زائد آبادی والے شہر کراچی کا کوئی کھلاڑی ٹیم کا حصہ نہیں ہے۔ ممکنہ کھلاڑیوں میں سے دونوں فارمیٹ کی ٹیمیں منتخب کی جائیں گی۔ قومی ٹی ٹوئینٹی کی شاندار کارکردگی پر دانش عزیز اور جارح مزاج اعظم خان کو بھی نظر انداز کیا گیا ہے۔ کراچی کے سلیکٹرز باسط علی اور فیصل اقبال اپنے کھلاڑیوں کا کیس لڑنے میں ناکام رہے۔ پیر کو چیف سلیکٹر مصباح الحق نے پریس کانفرنس میں پاکستان کی 22 رکنی ممکنہ ٹیم کا اعلان کیا۔ انہوں نے پچاس اوورز پر مشتمل فارمیٹ میں تجربہ کار کھلاڑیوں اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینے کا دعوی کیا ہے۔ مصباح الحق نے کہا کہ ہم نے شعیب ملک او ر سرفراز احمد کی جگہ نوجوان کھلاڑیوں کو اسکواڈ میں جگہ دی ہے لیکن اس کا ہر گز یہ مطلب نہیں کہ ان کے کیرئیر ختم ہوگئے۔ وائٹ بال کرکٹ میں محمد رضوان ہماری فرسٹ چوائس ہیں اور مستقبل کے پیش نظر روحیل نذیر کو بطور بیک اپ ممکنہ اسکواڈ میں شامل کیا ہے۔ ممکنہ اسکواڈ میں شامل تمام کھلاڑیوں کے کوویڈ19 ٹیسٹ 21 اکتوبر کو لیے جائیں گے۔ اس دوران پانچ روزہ آئسولیشن مدت کے دوران کھلاڑی قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پریکٹس کریں گے، اسکواڈ 26 اکتوبر کو راولپنڈی روانہ ہوگا۔ پاکستان نے گزشتہ 12 ماہ سے کوئی ون ڈے انٹرنیشنل میچ نہیں کھیلا۔ ایک سال بعد کھیلی جانے والے ون ڈے سیریز آئی سی سی ورلڈکپ سپر لیگ کا حصہ ہے۔ یہ لیگ آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ 2023 کا کوالیفائنگ راؤنڈ بھی ہے۔فاسٹ بولر محمد عامر اور عثمان شنواری کی جگہ حارث رؤف، محمد حسنین اور موسیٰ خان کو صلاحیتوں کے اظہارکا موقع دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انجری کی وجہ سے حسن علی اور نسیم شاہ کی سلیکشن پر غور نہیں کیا گیا تاہم دونوں کھلاڑیوں کو قائداعظم ٹرافی میں شرکت کی ہدایت کی گئی ہے ۔ پاکستان ون ڈے اور ٹی ٹوئینٹی ٹیم کے ممکنہ کھلاڑی یہ ہوں گے۔ بابراعظم (کپتان) اور شاداب خان (نائب کپتان) بیٹسمین: عبداللہ شفیق، عابد علی، فخر زمان، حیدر علی، حارث سہیل، افتخار احمد، امام الحق، خوشدل شاہ اور محمد حفیظ ،وکٹ کیپرز: محمد رضوان اور روحیل نذیر اسپنرز: عماد وسیم، عثمان قادر اور ظفر گوہرفاسٹ بولر: فہیم اشرف، حارث رؤف، محمد حسنین، موسیٰ خان، شاہین شاہ اور وہاب ریاض۔