مصباح جانتے تھے ورک لوڈ کم کیا جاسکتا ہے، احسان مانی

October 20, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے کہا ہے کہ مصباح الحق کے حوالے سے ہمارے درمیان کوئی تضاد نہیں پایا جاتا، سوچاتھا کہ ایک ہی شخص کے پاس ذمہ داریاں ہوں تاکہ کوچ اور سلیکٹرز کے درمیان فرق کو کم کیا جا سکے، شروع سے ارادہ تھا کہ ایک سال کے بعد جائزہ لیا جائے گا۔ مصباح الحق کو بھی اس وقت علم تھا کہ ورک لوڈ زیادہ ہوا تو اس کو کم کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کا فنانشل ماڈل پی سی بی کے حق میں تھا، فرنچائزز کو ہر ممکن حد تک سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کریں گے۔ جیو نیوز سےانٹر ویو میں احسان مانی نے پی ایس ایل اور پی سی بی تنازع کے بارے میں کہا کہ پی ایس ایل ہماری ایک خاص پراپرٹی ہے، کبھی نہیں چاہیں گے کہ اس کو نقصان پہنچے۔ پی ایس ایل اور پی سی بی نے جس معاہدے پر دستخط کیے ہوئے ہیں، وہ بہت زیادہ پی سی بی کے حق میں ہے۔