رہنمائوں کی گرفتاری کے خلاف ن لیگ یوتھ ونگ کا احتجاجی مظاہرہ

October 20, 2020

ملتان (سٹاف رپورٹر) مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ کے زیراہتمام پارٹی کے مرکزی رہنما کیپٹن (ر) صفدر اوردیگر قائدین کی گرفتاری کے خلاف چوک کمہارانوالہ پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرے کے موقع پر کارکنوں نے حمزہ شہباز کی رہائی کا مطالبہ کیا اور گونیازی گو کے نعرے بھی لگائے، احتجاجی مظاہرے کی قیادت یوتھ ونگ کے ضلعی صدر عبدالرحمٰن فری نے کی، اس موقع پر پارٹی کے سینئر رہنما سلطانہ شاہین، شاہین شفیق، اسلم ہمایوں، روبینہ شاہین، افشین بٹ، مطیع الحسن بخاری، وقاص بلوچ ودیگر نے شرکت کی۔عبدالرحمٰن فری نے کہا کہ نیب نیازی گٹھ جوڑ سے ثابت ہوگیا ہے کہ وہ صرف و صرف لیگی قیادت اور کارکنوں کے خلاف بے بنیاد مقدمات بنارہے ہیں اور گرفتاریاں کر رہے ہیں لیکن (ن) لیگ کی قیادت ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے گھبرانے والی نہیں ہے، انہوں نے کہا کہگوجرانوالہ، کراچی میں کامیاب جلسوں کے بعد موجودہ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکی ہے جس کے باعث عمران خان کے ایماء پر ہی (ن) لیگ کے خلاف انتقامی کاروائیوں کا سلسلہ تیز ہو گیا ہے۔