مہنگے داموں آٹے کی فروخت پر 8آٹا ڈیلرز گرفتار

October 20, 2020

پشاور(وقائع نگار)محکمہ خوراک نے پشاور کے مختلف علاقوں سے 8 آٹا ڈیلروں کو مہنگے داموں آٹے کی فروخت پر گرفتار کرلیا۔ محکمہ خوراک کے اعلیٰ حکام کی ہدایت پر اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر تسبیح اللہ نے شہر کے مختلف علاقوں میں قائم آٹا ڈیلروں کو چیک کیا اور آٹے کے معیار کا جائزہ لیا جبکہ مختلف آٹا ڈیلروں سے نمونے لیکر تجزیئے کیلئے ارسال کردیئے۔ محکمہ خوراک کی جانب سے انسپکشن کے دوران شہریوں کی جانب سے شکایات کی گئیں کہ انکو سرکاری نرخنامے سے زیادہ نرخوں پر آٹے کی فراہمی کی جا رہی ہے جس پر محکمہ خوراک کے افسران نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے 8 آٹا ڈیلروں کو دھرلیا جن کے خلاف قانون کے مطابق سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری نرخنامے سے تجاوز کرنیوالوں کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائیگی کیونکہ صوبائی حکومت کی جانب سے فلور ملز مالکان اور آٹا ڈیلروں کو وافر مقدار میں آٹے کی فراہمی کی جاتی ہے اس کے باوجود مصنوعی بحران اور گرانفروشی سمجھ سے لاباتر ہے۔ گرانفروشی اور مصنوعی بحران پیدا کرنیوالوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائیگا۔