اپوزیشن جماعتوں کا کام اپنی چوری چھپانا ہے وزیر زراعت

October 20, 2020

پشاور ( نیوزڈیسک )صوبہ خیبر پختونخوا کے وزیر زراعت، لائیو سٹاک و فشریز محب اللہ خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کا کام اپنی چوری چھپانا جبکہ پی ٹی آئی کی حکو مت ملک کو درست سمت لے جانے کیلئے ملک و قوم کے مفاد میں فیصلے کر رہی ہے۔ عوام نے پی ڈی ایم کے اچار کو مسترد کر دیا ہےپی ٹی آئی حکو مت اپنے دور میں مٹہ تک سوات موٹر وے فیز ٹو پر کام شروع کرے گی زرعی یونیورسٹی سوات، انجینئرنگ یونیورسٹی سوات، پیڈز ہسپتال، مٹہ بجلی گرڈ اسٹیشن، بہا ٹو ضلع دیر روڈ کی منظوری، متعدد ڈگری کالجز کی منظوری اور دیگر میگا پراجیکٹس سے سوات کا نقشہ بدل جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے سوات مٹہ کے علاقہ چاتیکل یو سی بہا میں روڈ کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پی ٹی آئی سوات کے سینئر نائب صدر و مٹہ بار کے صدر ظاہر شاہ خان ایڈوکیٹ، سابق ضلعی کونسلر حبیب اللہ خان، یوسی بہا صدر شاہ فہد، فیصل او ر دیگر نے بھی خطاب کیا۔ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر محب اللہ خان نے کہاکہ وفاق میں پی ٹی آئی جب اقتدار میں آئی تو ملک قرضوں میں ڈوبا ہوا تھا ۔وزیراعظم عمران خان نے ملک اور معیشت کو تباہی سے نکالنے کیلئے سخت فیصلے کئے اگر وہ ملک اور معیشت کو ٹھیک کرنے کا نہیں سوچتے تو ملک کبھی بھی ٹھیک نہ ہوتا جس راستے پر وزیراعظم عمران خان ملک کولے جا رہے ہیں اس کے نتائج ملک و قوم کے مفاد میں آ ئینگے ۔