آئی ٹی علوم میں مہارت کے بغیر ترقی ممکن نہیں ، ڈاکٹر شاہانہ عروج

October 20, 2020

پشاور (خصوصی نامہ نگار) خواتین یونیورسٹی صوابی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہانہ عروج کاظمی نے کہا ہے کہ طالبات کے لئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تعلیم ناگزیر ہے، عصر حاضر مسابقت کا دور ہے جس میں جدید آئی ٹی علوم میں مہارت حاصل کئے بغیر ترقی ممکن نہیں ہےضرورت اس امر کی ہے کہ صوابی اور دور دراز علاقے کی طالبات کو آئی ٹی علوم کی تربیت ان کی جامعات میں ہی فراہم کی جائے تاکہ ان کو بڑے شہروں میں جانے کی ضروت نہ پڑے، بدقسمتی سے پاکستان دنیا بھر کے مقابلے میں آئی ٹی کے شعبے میں کافی پیچھے ہےصرف2018 میں چین کا آئی ٹی سے ریونیو 118 ارب ڈالر تھا، پاکستان کا آئی ٹی ریونیو ایک ارب ڈالر بھی نہیں ہے حالانکہ یہاں 6 ارب کا ہدف آسانی سے حاصل کیا جاسکتا ہے۔وہ رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی اور پرن کے اشتراک سے منعقدہ پانچ روزہ بین الاقوامی نیٹ ورک سیکیورٹی ورکشاپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان فری لانسنگ کرکے ہزاروں ڈالرز کمارہے ہیں، حکومت کو چاہئے کہ آئی ٹی کے میدان میں انقلابی اقدامات اٹھائے اور آئی ٹی کی صنعت کو ریگولیٹ کرے، دنیا کا مستقبل ڈیجیٹل ہے اور جو ممالک ڈیجیٹل ٹیکنالوجی پر آگئے وہ ترقی کرجائیں گے اور باقی پیچھے رہ جائیں گے۔انہوں نے طالبات کے جذبے اور ورکشاپ کے لیڈ ٹرینر سید محمد سجاد کی کائوشوں کو سراہا۔بعد ازاں تربیت حاصل کرنے والی طالبات میں اسناد تقسیم کی گئیں۔