میر شکیل الرحمٰن کیخلاف انتقام کی حدیں پھلانگ لی گئیں، صالح محمد

October 20, 2020

پشاور(نمائندہ خصوصی) آل انڈیا مسلم لیگ کے بزرگ رہنما اور مزار قائداعظم کراچی کی فاتحہ خوانی کمیٹی کے سرپرست اعلیٰ صالح محمد خان نے جنگ و جیو کے ایڈیٹرانچیف میر شکیل الرحمن کے خلاف حکمرانوں کی طرف سے انتقام کی تمام حدیں پھلانگنے پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمرانوں کی طرف سے اپنی کرپشن بدعنوانیوں اور عوام دشمنی کو چھپانے کے لئے صحافت کا گلہ گھونٹا جا رہا ہے حکمرانوں کی صحافت دشمن پالیسی سے25ہزار سے زائد صحافی بے روزگار ہو گئے ہیں جبکہ حکومت کی طرف سے میڈیا کے آٹھ ارب روپے کے واجبات ادا نہ کرنے سے اداروں کو صحافیوں کی تنخواہوں کی ادائیگی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ صالح محمد خان نے کہا کہ گوجرانوالہ اور کراچی میں پی ڈی ایم کے کامیاب پاور شو سے حکمرانوں کے دن گنے جا چکے ہیں۔ عوام نے مہنگائی سے نجات کے لئے سڑکوں پر آنے کا تہیہ کر لیا ہے۔