ریسٹورنٹ میں کھانا کھانےکیلئے زپ والےماسک دستیاب

October 20, 2020

بھارت میں کورونا وبا کے دوران ریسٹورنٹ میں زپ والے ماسک متعارف کرائے گئے ہیں جس کے ذریعے صارفین بغیر ماسک ہٹائے آرام سے کھانا کھا سکتے ہیں۔

کورونا وبا کے دوران ریسٹورنٹ کے مالکان کی پریشانیوں میں اضافہ ہوگیا،’ڈائن ان‘ سہولت عملاً بند کرنا پڑی اور صرف آن لائن آرڈرز کے ذریعے ہوم ڈلیوری سروس کا الگ بوجھ اُٹھانا پڑا، گھر پر کھانا ڈلیور ہونے کے باوجود شہری ریسٹورنٹ کے ماحول کی کمی محسوس کرتے تھے۔

ان تمام مشکلات کا حل کلکتہ کے ریسٹورنٹ کی مالکن سومو شری سنگیتا یہ نکالا کہ انہوں نے ایسے ماسک تیار کروائے جن میں ہونٹوں کی جگہ پر زپ لگی ہوئی ہے جسے صارف کھول کر منہ میں نوالہ ڈال سکتا ہے، اس طرح ماسک ہٹانا نہیں پڑتا۔

سومو شری سنگیتا نے بتایا کہ یہ ماسک عوام کی سہولت کے لیے تیار کروائے ہیں اور ریسٹورنٹ میں آنے والے ہر شخص کو مفت فراہم کیے جاتے ہیں، اس طرح لوگوں کی بڑی تعداد دوبارہ ریسٹورنٹ کا رخ کر رہی ہیں۔