کیمرون میں بوکو حرام کے حملے شمالی سرحد پر 60 اسکول بند

October 21, 2020

ابوجا (جنگ نیوز )کیمرون کا کہنا ہے کہ اس نے دہشت گرد تنظیم بوکو حرام کے بڑھتے ہوئے خطرے کے پیشِ نظر، نائیجیریا سے متصل اپنی شمالی سرحد پر بچوں اور اساتذہ کی حفاظت کے پیش نظر 60 سے زیادہ اسکول دوبارہ بند کر دیے ۔وسط افریقی ملک کیمرون نے اپنے گھروں سے دور زندگی گزارنے پر مجبور ہونے والے بچوں کو پڑھانے کے لیے محفوظ مقامات پر فوجی اہل کار تعینات کیے ہیں۔فوج نے دہشت گرد گروپ بوکوحرام کی قوت پر کاری ضربیں لگائی ہیں، جس کے بعد سے یہ تنظیم اپنے اہداف پر خودکش حملوں سے کام لے رہی ہے اور بڑے حملے کرنے کے قابل نہیں رہی۔نائیجیریا کے ساتھ کیمرون کی شمالی سرحد پر، پرائمری تعلیم سے متعلق ایک عہدے دار عثمانو گارگا کا کہنا ہے کہ بوکو حرام کے حالیہ حملوں سے بہت سے اسکول غیر محفوظ ہو گئے ہیں۔گارگا کا کہنا تھا کہ 62 اسکول بند کر دیے گئے ہیں۔ ان بچوں کو یا تو ان کے گاؤں سے بہت دور تعلیم دی جا رہی ہے یا پھر وہ اپنی پڑھائی کو خیرباد کہہ گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ 34 ہزار بچوں کو اندرون ملک بے گھر ہونے والے بچوں کے طور پر رجسٹر کیا گیا ہے۔