معاہدہ نہ ہوسکا، یونس ہوم سیریز میں بیٹنگ کوچ نہیں ہونگے

October 21, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ اور سابق کپتان یونس خان کے درمیان طویل المعیاد معاہدے پر معاملات طے نہیں ہوسکے ہیں۔ زمبابوے کے خلاف ہوم سیریز میں یونس خان کو بیٹنگ کوچ اور مشتاق احمد کو اسپین بولنگ کنسلٹنٹ مقرر نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پی سی بی کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان خفیہ دورے پر آکر یونس خان سے ملے لیکن ابھی تک معاہدے کی تفصیلات طے نہیں ہوسکی ہیں۔ امکان ہے کہ معاہدے کی تفصیلات طے ہونے کے بعد یونس خان نیوزی لینڈ کے دورے پر جائیں گے۔ یونس خان کو مستقبل بنیادوں پر بیٹنگ کوچ بنانے کیلئے بات چیت جاری ہے۔ پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ سیریز کے لئے پاکستان کرکٹ ٹیم انتظامیہ منصور رانا ٹیم منیجر، مصباح الحق ہیڈ کوچ ، بولنگ کوچ وقار یونس، فزیو تھراپسٹ کلف ڈیکن ، فیلڈنگ کوچ عبدالمجید ،اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ یاسر ملک ، اسسٹنٹ ٹو ہیڈ کوچ شاہد اسلم، کرنل ریٹائرڈ عثمان انوری سیکورٹی منیجر، رضا راشد میڈیا منیجر اور مساجر ملنگ علی ہوں گے۔