سرکاری نرخ نامےنہ ہو نے پر 85دکاندار گر فتا ر‘ 10دکانیں سیل

October 21, 2020

پشاور( وقائع نگار)صوبائی دارلحکومت پشاور میں ضلعی انتظامیہ نے 1203دکانوں کا معائنہ کر تے ہوئے بیشتر دکانداروں کو گرانفروشی پر گرفتار کر لیا گرانفروشی ، کم وزن روٹی اور سرکاری نرخ نامے کی عدم موجودگی پر 85دکانداروں کے خلاف ایف آئی آردرج کی گئی جبکہ 89دکانداروں کو گرفتار کر کے 10دکانوں کو سیل کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر نے سرکلر روڈ، نشتر آباد ، گنج یکہ توت، ڈبگری، نمکمنڈی اور دیگر علاقوں میں دکانوں کا معائنہ کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر (سٹی) ڈاکٹر احتشام الحق نے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر محمد شفیق آفریدی کے ہمراہ اندرون شہر مختلف بازاروں میں دکانوں کا معائنہ کیا۔اسسٹنٹ کمشنر (صدر) محمد صہیب بٹ نے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر منیٰ ظاہر کے ہمراہ کوہاٹ روڈ پر مختلف دکانوں کا معائنہ کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر (شاہ عالم) صوبیہ حسام طورو نے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر شاہ وزیر کے ہمراہ ورسک روڈ اور چارسدہ روڈ پر مختلف دکانوں کا معائنہ کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر (متنی) رضوانہ ڈار نے سربند، سنگو اور پشتخرہ روڈ پر مختلف دکانوں کا معائنہ کیا۔ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر عنایت اللہ خان نے پھندو روڈ، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر حبیب اللہ نے حیات آباد، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرگلشن آرا نے کوہاٹ روڈ، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر کاشف جان نے دلہ زاک روڈ جبکہ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر تنزیل الرحمان نے یونیورسٹی روڈ پر مختلف دکانوں کا معائنہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر کے مطابق ضلعی انتظامیہ پشاور کے افسران روزانہ کی بنیاد پر صبح صادق کے اوقات میں منڈیوں میں بولی کے بعد سرکاری نرخ نامہ جاری کرتے ہیں اور بعد میں ضلعی انتظامیہ سمیت پولیس و دیگر محکموں کے افسران پشاور بھر میں سرکاری نرخ نامے پر عمل درآمد کو یقینی بناتے ہیں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جاتی ہے۔