حاضری کیلئے چہرے کی شناخت کا سسٹم جلد شروع کریں‘صوبائی وزیر

October 21, 2020

پشاور ( نیوزڈیسک) صوبائی وزیر بلدیات، الیکشنز و دیہی ترقی اکبر ایوب خان نے صوبے کے تمام ٹی ایم اوز کو ہدایت کی ہے کہ اپنے دفاتر میں ملازمین کی حاضری کے لیے چہرے کی شناخت کا سسٹم جلد شروع کریں اور تمام ملازمین منتخب وردی استعمال کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مختلف دفاتر میں کام کرنے والے ملازمین کو فوراً واپس اپنے دفاتر بلائیں اور اپنی حدود کی صفائی کا خاص خیال رکھیں۔اس میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں ہوگی جبکہ صفائی کے عملے کی میرٹ پر بھرتی کا کام بھی جلد از جلد مکمل کریں۔ انہوں نے تمام ٹی ایم ایز کو ہدایت کی کہ دسمبر تک تمام فنڈز کے استعمال کو یقینی بنایا جائے جبکہ جاری سکیمیں بروقت مکمل کی جائیں اور چھوٹی سکیموں کے لیے دورانیہ تکمیل تین ماہ سے زیادہ نہ ہو یہ ہدایات اُنہو ں نے ضلع مانسہرہ کی تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیںوزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے پاپولیشن سید احمد حسین شاہ، ممبر صوبائی اسمبلی بابر سلیم سواتی، سیکرٹری لوکل کونسل بورڈ خضر حیات، ڈی جی لوکل گورنمنٹ عابداللہ کاکاخیل اور ضلع مانسہرہ کے تمام تحصیل میونسپل افیسران نے اجلاس میں شرکت کی۔اکبر ایوب خان نے ہدایت کی کہ برفباری والے علاقوں کیلئے خصوصی فنڈ رکھا جائے تاکہ برف کی صفائی کا انتظام موجود رہے۔ اس طرح تمام غیر قانونی عمارتوں کی ریگولائزیشن کے لئے فوراً نوٹس جاری کیے جائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ہوٹلز اپنی صفائی کے لیے ڈمپر خریدیں اور تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن ہوٹلز کے گند بروقت اٹھانے کے ذمہ دار ہوں گے۔ جبکہ مانسہرہ شہر اور بالاکوٹ کی صفائی پر خصوصی توجہ دی جائے انہوں نے مانسہرہ میں خواتین اور بچوں کا پارک جلد از جلد تعمیر کرنے کی بھی تا کید کی ۔