مولانا فضل الرحمان نے اپوزیشن کو آواز بلند کرنے کا حوصلہ دیا، ملک ریاض

October 21, 2020

پشاور(سٹاف رپورٹر)جمعیت علماء اسلام کے رہنما اور سابق ایم پی اے ملک ریاض خان نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے کامیاب جلسوں کا انعقاد ثابت کررہا ہے کہ حکومت کے زوال کا آغاز ہوچکا ہے، بڑی سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کو حق کی آواز بلند کرنے کا حوصلہ مولانا فضل الرحمان نے دیا ہے، ملک ریاض خان کا کہنا تھا کہ شروع دن سے مولانا فضل الرحمان نے ایک حقیقت پسند اور دور اندیش لیڈر ہونے کا حق ادا کیا اور اپنے کردار سے ثابت کیا کہ ملک کی ڈوبتی کشتی کو پار لگانے کا حوصلہ اور صلاحیت صرف مولانا فضل الرحمان میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے آزادی مارچ اور ختم نبوت کانفرنس کے سلسلے میں ملکی تاریخ کے بڑے بڑے اجتماعات کے ذریعے ثابت کیا کہ قوم اب باہر نکلے گی اور موجودہ حکمرانوں کو کسی بھی صورت مزید قبول کرنے کیلئے تیار نہیں، ملک ریاض خان نے کہا کہ آنے والے دنوں میں بھی کسی بھی تحریک کی کامیابی علماء کرام اور جے یو آئی کے کارکنوں کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ نا اہل اور جھوٹ کی بنیاد پر لائے جانے والے جعلی حکمرانوں سے نجات کا وقت آچکا ہے، عوام حقیقی جمہوریت اور مارشل لا میں فرق جان چکے ہیں اور یہ بھی جان چکے ہیں کہ صرف اہل سیاست ہی قوم کو مسائل سے نجات دلاسکتے ہیں۔