پولیس والدہ کےاغوا کے ذمہ دار کیخلاف کاروائی نہیں کر رہی،ڈاکٹر آسیہ

October 21, 2020

پشاور (لیڈی رپورٹر)مردان کے علاقے ہوتی کی رہائشی ڈاکٹر آسیہ خان نے کہا ہے کہ ان کی والدہ رشیدہ بی بی گزشتہ سال 30اگست کو اغوا کر لی گئی ہیں ،لیکن مردان پولیس اغوا کے مبینہ ذمہ دار خالد حسین عرف شاہ خالدکے خلاف کسی قسم کی کاروائی کرنے میں ناکام ہے ۔پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا شاہ خالدجس کی مردان میں جیولری کی دکان ہے اور اسی ناطے اس کے ساتھ ہمارا خاندانی تعلق تھا ، اس نے میری والدہ سے میرا رشتہ مانگا چونکہ وہ میرے والد کے عمر کے ہیں اس لئے میری والدہ نے رشتہ دینے سے انکار کیا ۔ ملزم نے رشتے سے انکار پرمیری والدہ کو اغوا کی دھمکی اور بعد آزاں گزشتہ سال 30اگست کو میری والدہ کو اغوا کرلیا ۔ہم نے ابتدائی رپورٹ مردان پولیس میں درج کرائی چونکہ وہ مردان میں اثر رسوخ کا حامل ہے ، اس لئے ضلع مردان کی پولیس نے کے خلاف کاروائی سے گریز کیا ،اسکے خلاف باقاعدہ ایف آئی آر کے اندراج کے باوجود پولیس نےاسے کو گرفتار نہیں کیا اس دوران خالد حسین نے ہمیں دھمکی دی کہ اگر ہم نے پولیس کے سامنے اس کا نام لیا تو وہ مجھے بھی ماردیگا۔