بریڈ فورڈ کو بھی ٹیئر 3 پابندیوں میں ڈالنے کا خطرہ

October 22, 2020

بریڈفورڈ (محمد رجاسب مغل ) لیورپول اور لنکاشائر میں کورونا وائرس کے حوالے سے سخت پابندیوں کے بعد بریڈفورڈ کو بھی ٹیئر 3 پابندیوں میں ڈالنے کا خطرہ، مقامی میڈیا کے مطابق سیکرٹری صحت میٹ ہینکوک نے بتایا کہ بریڈفورڈ کونسل اور حکومتی رہنماؤں کے درمیان رواں ہفتہ اس حوالے سے بات چیت کو آگے بڑھایا جائے گا تاہم بریڈفورڈ کونسل نے اس حوالے سے کسی بھی اجلاس کی تصدیق نہیں کی، اس کے علاوہ ویسٹ یارکشائر ، ساؤتھ یارکشائر ،ناٹنگھم شائر ، نارتھ ایسٹ اور ٹیسائیڈ کے ساتھ بھی مزید بات چیت کا ارادہ کیا گیا ہے۔سیکرٹری صحت نے کہا کہ بدقسمتی سے گزشتہ ہفتے کے آخر میں وبا کے پھیلائو میں اضافہ ہوا ہے، مقامی اور قومی رہنما بریڈ فورڈ میں انفیکشن کی بڑھتی ہوئی شرح سے پریشان ہیں۔بریڈفورڈ کونسل لیڈر سوزن ہنچکلف نے کہا کہ بریڈفورڈ کے اسپتالوں میں داخل ہونے اور افسوسناک طور پر اموات کی تعداد میں اب بھی اضافہ ہورہا ہے ،متاثرین میں صرف بڑی عمر کے افراد ہی نہیں بلکہ دیگر بھی متاثر ہو رہے ہیں، ہماری پہلی ترجیح یہ ہے کہ ہم وائرس سے نمٹنے لوگوں کی زندگیوں کی حفاظت اور بچانے کے لئے سب سے مؤثر اقدامات اٹھائیں۔تازہ ترین اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ بریڈ فورڈ میں اب ہر 100،000 افراد پر 350 سے زیادہ کیسز ہیں جب کہ کل 1،920 مثبت ٹیسٹ ہیں۔گزشتہ ہفتے مانچسٹر میں پابندیاں سخت کرنے کے حوالے سے مقامی رہنمائوں اور حکومت کے درمیان کوئی معاہدہ نہیں ہو سکا جس پر وزیر اعظم بورس جانسن نے اشارہ دیا تھا کہ وہ مقامی رہنماؤں کے معاہدے کے بغیر علاقائی اقدامات بڑھانے پر کارروائی کے لئے تیار ہوں گے۔لوگوں کی نگہداشت اور زندگیاں بچانے کے لیے ہر ممکن اقدام عمل میں لایا جائے گا، مقامی اتھارٹیز کے ساتھ اگر ہم مل کر کام کریں گے تو ہماری کوششیں زیادہ کارگر ثابت ہوں گی۔ مارک ڈریک فورڈ نے بھی قوم سے اپیل کی ہے کہ تازہ ترین صورت حال سے سے نمٹنے کے لیے ہم سب کو مل کر مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی ۔