حلقہ ارباب ذوق برطانیہ کی جانب سے اردو کیخلاف ہرزہ سرائی کی مذمت

October 22, 2020

لیورپول(پ ر) حلقہ ارباب ذوق کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرپرسن محمد انور نے سیاسی لیڈروں اور نظریہ پاکستان کے مخالفوں کیطرف سے عروس البلاد کراچی میں بابائے قوم قائد اعظمؒ کے مزار پر گستاخانہ نعرہ بازی اور قومی زبان اردو کے خلاف ہرزہ سرائی کر کے نہ صرف ادیبوں اور شاعروں بلکہ تمام سمندر پار پاکستانیوں کی دل آزاری کی ہے۔حلقہ ارباب ذوق برطانیہ کیجانب سے ان تمام ناعاقبت اندیش سیاستدانوں اور انکے بے ادب حواریوں کی شدید مذمت کی جاتی ہے۔ انجمن کی کلچر سیکرٹری بیگم فردوس شاہ نے کہا ، مزار قائداعظم کا تقدس برقرار رکھنے کیلئے آئین پاکستان میں باقاعدہ قوانین اور سزائیں موجود ہیں۔ ان قوانین کے تحت ان مجرموں کی سرزنش واجب ہے۔کسی قسم کی ڈھیل یا سیاسی مصلحت ایسے واقعات کے فروغ کا باعث ہوگی۔ڈپٹی چیئرمین ڈاکٹر طاہر نے کہا یہ جرم ناقابل معافی ہے اور اردو زبان کی اس قسم کی مخالفت قومی یک جہتی پر براہ راست وار ہے۔اس قسم کا رویہ نا قابل برداشت ہے۔جنرل سیکرٹری روبینہ خان نے کہا اس قبیل کے لیڈر نئی نسل کو کیا سکھا رہے ہیں۔ انجمن کے سینئر رکن ولید شاہ نے کہا یہ شکست خوردہ ذہنیت ہے، ان کے علاوہ سوشل میڈیا پر خزینہء شعروسخن کی صدر نغمانہ کنول شیخ، چیئرپرسن امتیاز شیخ، مانچسٹر ایسوی ایشن سینئر پاکستانی کے چیئرمین، معروف شاعر لیاقت علی عہد، میجر طاہر سعید، گلاسگو سے محمد طاہر نے بھرپور مذمت کی ہے۔