برٹش پاکستانی انجینئر ناصر خان کو ایم بی ای سے نوازا گیا

October 22, 2020

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) برٹش پاکستانی انجینئر ناصر خان کو برطانیہ میں مسلم اور بلیک اینڈ منارٹی ایتھنک کمیونٹیز کی خدمات کے اعتراف میں ملکہ برطانیہ کی برتھ ڈے آنرز لسٹ 2020 میں ایم بی ای سے نوازا گیا۔ خان نے مسلمز ان ریل سی آئی سی کے شریک بانی ہیں، جو ریل انڈسٹری میں کام کرنے والے اور کام کرنے کے خواہاں مسلمانوں میں رابطے بڑھانے اور حوصلہ افزائی کے وژن کے ساتھ کام کرنے والی ایک سوشل انٹرپرائزر اور کمیونٹی انٹرسٹ کمپنی ہے۔ خان نے کہا کہ یہ ایوارڈ میرے لیے باعث فخر ہے۔ میں کئی برسوں سے انٹر فیتھ ریلیشنز کا چیمپئن رہا ہوں اور ایکویلٹی، ڈائیورسٹی اور انکلوژن (ای ڈی آئی) کے بارے میں شعور کو اجاگر کرنا میرے لیے ہمیشہ ذاتی معاملہ رہا ہے۔ ملکہ غیر معمولی کامیابیوں یا خدمات پر ایم بی ای ایوارڈ دیتی ہیں، جن کے کمیونٹی پر طویل مدتی اثرات پڑتے ہیں۔ خان نے مزید کہا کہ میں نے کبھی یہ نہیں سوچا تھا کہ میرے جذبے کے نتیجے میں ہم خیال لوگوں کا نیٹ ورک تشکیل پائے گا اورمسلمز ان ریل سی آئی سی نامی سوشل انٹرپرائز کا قیام عمل میں آئے گا۔ خان نے ملٹی فیتھ رومز کیلئے سٹینڈرڈز پلانز اور گائیڈنس بھی تیار کی ہیں اور برطانیہ بھرمیں 75 پلس سے زائد ملٹی فیتھ رومز کی تشکیل میں مدد کی ہے۔ خان نے 2016 میں نیٹ ورک ریل کے ملٹی فتھ نیٹ ورک پروجیکٹ گریفن چیئر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ گریفن دہشت گردی سے آگاہی کیلئے ٹریننگ پر مشتمل ہے۔ خان نے جسٹ آسک کمپین بھی لانچ کی تھی جس کا مقصد انٹر فیتھ ڈائیلاگ کو فروغ دینا تھا نہ کہ بحث و مباحثے کو۔ اس کمپین سے متعلق متعدد پوسٹرز برطانیہ میں ہر جگہ تیار اور تقسیم کیے گئے تھے۔ اپنے ڈائریکٹرز میں سے ایک کے ایم بی ای ایوارڈ وصول کرنے کی خوشی میں کری اینڈ برائون نے ایک پریس ریلیز جاری کی، جس میں کہا گیا ہے کہ ملکہ برتھ ڈے آنرز لسٹ 2020 میں کری اور براؤن کے لندن آفس کے ڈائریکٹر ناصر خان کو ریل انڈسٹری میں مسلمانوں کی نمائندگی کی خدمات کے اعتراف میں ایم بی ای سے نوازا گیا ہے۔ ناصر خان مسلمز ان ریل کے شریک بانی ہیں جو ایک غیر منافع بخش انٹرپرائز ہے جو کہ ریل انڈسٹری میں کام کرنے والے یا کیریئر بنانے کے خواہاں مسلمانوں کو جوڑنے، آگے بڑھانے اور جذبہ پیدا کرنے کی کوشش کرتی ہے۔ یہ 2017 میں ریل انڈسٹری میں لانچ کی گئی تھی۔مسلمز ان ریل مسلمانوں میں سوشل نیٹ ورکنگ ایونٹس، آئوٹ ریچ پروگرامز اور سٹم ایجوکیشن سپورٹ کا انتظام کرتی ہے تاکہ انڈسٹری پروفیشنلز کی اگلی نسل کو متاثر کیا جا سکے۔