خیبرپختونخوا، حکومت نے 20 کلو آٹے کے تھیلے کا کوٹہ بڑھاکر 4 ہزار ٹن کردیا

October 22, 2020

پشاور(وقائع نگار) خیبر پختونخوا حکومت نے صوبہ بھر کیلئے 20کلو آٹے کے تھیلے کا کوٹہ 3 ہزار ٹن سے بڑھا کر 4 ہزار ٹن کردیا جبکہ ضلع پشاور کیلئے 16206سے بڑھا کر 22022 کردیا جس سے پنجاب سے آنیوالے آٹے کی اوپن مارکیٹ کے نرخوں میں 30 سے پچاس روپے تک کمی آگئی۔ وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے خوراک میاں خلیق الرحمان نے آٹا ڈیلروں کے مطالبے اور شہریوں کو ریلیف دینے کی خاطر آٹے کے کوٹے میں اضافہ کیا۔ مشیر خوراک میاں خلیق الرحمان کے مطابق صوبے میں کہیں بھی آٹے کا بحران نہیں جبکہ سرکاری کوٹے کے تحت آٹے کی ترسیل بھی جاری ہے جبکہ سرکاری کوٹے کے تحت ملنے والے آٹے کو بلیک میں فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ خوراک کے افسران روزانہ کی بنیاد پر فلور ملوں اور آٹا ڈیلروں کو چیک کر رہے ہیں تاکہ شہریوں کو سبسڈائز اور مقررہ نرخوں پر آٹے کی ترسیل ممکن ہو۔ ادھر مشیر خوراک میاں خلیق الرحمان اور محکمہ خوراک کے اعلیٰ حکام کی ہدایت پر راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر تسبیح اللہ اور فوڈ انسپکٹر محسن علی شاہ نے حیات آباد کی مختلف مارکیٹوں نواب‘ بنگش‘ ابراہیمی‘ شیر شاہ اور زنگل مارکیٹ سمیت یونیورسٹی روڈ پر گرانفروشوں کیخلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 27 افراد کو دھرلیا جن کے خلاف متعلقہ تھانوں میں مراسلے جمع کرا دیئے گرفتار افراد میں سبزی و پھل فروش‘ دودھ و دہی فروش‘ بیکری و جنرل سٹور مالکان سمیت قصائی اور دیگر شامل ہیں۔