گرانفروشی اور ذخیرہ اندوزی پر قریشی فلور مل کو سیل کردیاگیا

October 22, 2020

پشاور(وقائع نگار) محکمہ خوراک نے گرانفروشی اور ذخیرہ اندوزی پر قریشی فلور مل کو سیل کردیا۔ راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر تسبیح اللہ‘ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر عنایت اللہ‘ اسسٹنٹ ڈائریکٹر انڈسٹریز واجد امان نے شہر کے مختلف علاقوں میں قائم فلور ملوں میں سبسڈائز آٹے کی ترسیل کے عمل کا معائنہ کیا اور فلور میں ذخیرہ اندوزی کو چیک کیا۔ قریشی فلور مل کی جانب سے گرانفروشی اور ذخیرہ اندوزی کرنے پر حکام نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے قریشی فلور مل کو سیل کردیا۔ راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو ذخیرہ اندوزی کی اجازت نہیں دی جائیگی جبکہ اس کے مرتکب افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی اور کسی کے ساتھ نرمی نہیں برتی جائیگی۔