نان بائیوں نے آج سے بلوچستان بھر میں تندور بند کرنے کا اعلان کردیا

October 22, 2020

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)نیو اتحاد یونین نان بائیان نے آج سے غیر معینہ مدت کیلئے کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں تندور بند کرنے کا اعلان کردیا، اس بات کا اعلان ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ محمد نعیم خلجی ، صدر ضا خان خلجی اور دیگر نے بدھ کو کوئٹہ پریس کلب میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ روٹی کی قیمت میں اضافہ نہ کرنے کیخلاف آج 22 اکتوبر سے غیر معینہ مدت کیلئے ہڑتال کررہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ ہمیں 320 گرام کی روٹی 30 روپے میں فروخت کرنے کی اجازت دی جائے۔ انہوں نے کہاکہ پرائس کنٹرول کمیٹی زور دے رہی ہے کہ روٹی کی قیمت کم کی جائےجبکہ 100 کلو آٹا 7 ہزار میں فروخت ہورہا ہےہم نے بار بار نیا ریٹ طلب کرنے کیلئے انتظامیہ سے رابطہ کیا لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی اس سلسلے میں ہم نے گزشتہ روزپریس کانفرنس کی تھی پھر بھی انتظامیہ خاموش رہی اس وقت آٹا ‘گیس اور مزدور کی تنخواہوں میں اضافہ ہوا ہےایسے میں روٹی 20روپے میں فروخت کرنے سے قاصر ہیں لہٰذا ہم اپنے مطالبات کے حق کیلئے آج سے غیر معینہ مد ت کیلئے تندور بند کرنے کا اعلان کرتے ہیںجس کی تمام تر ذمہ داری ڈی سی اور پرائس کنٹرول کمیٹی پر عائد ہو گی۔