مطالبات منظور‘پشتون اسٹوڈنٹس کونسل بہائوالدین زکریا یونیورسٹی کا احتجاج ختم

October 22, 2020

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پشتون اسٹوڈنٹس کونسل بہائوالدین زکریا یونیورسٹی ملتان نے مطالبات تسلیم ہونے کے بعد کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی کیمپ ختم کرنے کا اعلان کردیا ۔ اس بات کا اعلان پشتون اسٹوڈنٹس کونسل کے چیئرمین محمد عرفان اچکزئی ، سابق چیئرمین اصغر کاکڑ ، اجمل خان ، محبوب خان و دیگر نےکوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی کیمپ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ گورنر بلوچستان ،سیکرٹری تعلیم و دیگر کے ساتھ 6 روزکے مسلسل مذاکرات کے بعد ان کے مطالبات تسلیم کرلئے گئے ہیں ، حکومت بلوچستان نے ابتدائی طور پر 20 ملین روپے ریلیز کردیئے ہیں جبکہ یہ بھی طے ہوا کہ اگلے سال کے لئے انڈومنٹ فنڈ کی مد میں رکھی گئی 20 کروڑ روپے کی رقم بینک میں رکھی جائے گی جس کی مد میں حاصل ہونے والی آمدن پنجاب کے تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم طلباء کے تعلیمی اخراجات کی مد میں مذکورہ اداروں کو بھیجی جائے گی اس سلسلے میں ایک کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے جو پنجاب حکومت کے ساتھ مذاکرات کرکے مسئلے کامستقل حل نکالنے کوشش کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پشتون اسٹوڈنٹس کونسل ملتان بلوچستان کے طلباءکے حقوق کی جنگ لڑتی رہے گی اگر ان کے مطالبات پر عمل نہ ہوا تو آئندہ کا لائحہ طے کیا جائے گا ۔ اس موقع پر انہوں نے پریس کلب کے سامنے لگائے گئے احتجاجی کیمپ کو ختم کرنے کا اعلان کیا ۔