ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال ختم، او پی ڈی سروس آج سے بحال کرنیکا اعلان

October 22, 2020

کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر)ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے سیکرٹری صحت کی یقین دہانی پر ہڑتال ختم کرتے ہوئے تمام سرکاری ہسپتالوں میں اوپی ڈی سروسزکو آج سے فعال کرنے کا اعلان کر دیا۔ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے ترجمان کے مطابق صوبے کے سرکاری ہسپتالوں میں بنیادی سہولیات کے فقدان اور حالت زار بہتر بنانے کیلئے سیکرٹری صحت نورالحق بلوچ کی صدارت میںگزشتہ روز پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ سنڈیمن پراونشل ہسپتال کوئٹہ میں اجلاس ہوا جس میں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان کے سربراہان اور آل پاکستان پیرامیڈیکل اسٹاف فیڈریشن سنڈیمن پراونشل ہسپتال کے صدر جمال شاہ کاکڑ نے شرکت کی اجلاس میں سیکرٹری صحت نورالحق بلوچ کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی کہ دو تین روز میں صوبے کے تمام ہسپتالوں میں ادویات کی سپلائی یقینی بنائی جائیگی۔سی ٹی سکین فلموں کی فوری فراہمی اور فیس 1800 سے کم کرکے 500 مقرر کی جائیگی ،ایمر جنسی بنیادوں پر سنڈیمن پراونشل ہسپتال اور ٹراما اینڈ ایمرجنسی سینٹر کیلئے 2 ایم آر آئی مشینیں ٹینڈر کرلی جائیں گی۔سنڈیمن پراونشل ہسپتال کی آئی سی یو کو مکمل طور پر فعال کرتے ہوئے کنٹریکٹ پر آسامیاں مشتہر کی جائیں گی۔انجیوگرافی کی فیس 5000 سے کم کرکے 1000 مقرر کرنے کے ساتھ مریضوں کیلئے مفت سٹینٹس کی فراہمی یقینی بنائی جائیگی ۔پیتھالوجی لیبس میں 24/7 تمام بنیادی ٹیسٹ یقینی بنانے کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں گے۔اوپی ڈیز میں کرپشن کے خاتمے کیلئے ہیلتھ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم نصب کیا جائیگا،مندرجہ بالا مسائل کے فوری حل کیلئے سیکرٹری صحت کی جانب سے یقین دہانی پر آج سے صوبے بھر کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں اوپی ڈی سروسز فعال کی جائے گی۔ مسائل کے فوری حل کیلئے پرامید ہیں،عملی اقدامات نہ ہونے کی صورت میں احتجاجی لائحہ عمل کا آغاز کیا جائیگا۔