سلیکٹڈ حکمرانوں سے جان چھڑانا وقت کی ضرورت ہے،رشید ناصر

October 22, 2020

کوئٹہ( آئی این پی )عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری رشید خان ناصر ، نذر علی پیر علی زئی ، انور مندوخیل ، کاکوخلجی، باز محمد خلجی و دیگر نے پی ڈی ایم کے 25اکتوبر کو کوئٹہ میں ہونے والے جلسے کے سلسلے میں مشرقی بائی پاس پر کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہےکہ ملکی معیشت کو تباہی کے دہانے پر پہنچانے، مہنگائی ، بے روزگاری اور امن وامان کی مخدوش صورتحال کے ذمہ دار سلیکٹڈ حکمرانوں سے جان چھڑانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔عوامی نیشنل پارٹی کے اکابرین باچاخان اور ولی خان کے موقف کی آج ملک کی تمام سیاسی جماعتیں تائید کررہی ہیں جو عوامی نیشنل پارٹی کے اصولی موقف کی جیت ہے۔انہوں نے کہا کہ آئین و جمہوریت کی بالادستی کے لئے اے این پی کی قربانیاں کسی سے پوشیدہ نہیں ۔ اپنے دور اقتدار میں اے این پی نے پشتونوں کو نام دیا ، صوبوں کو این ایف سی ایواڈ دلایا ، اٹھارویں آئینی ترمیم میں اہم کردار ادا کیا اور ساتھ ہی خیبر پشتونخوا میں جامعات بنا کر صوبے کے نوجوانوں کو تعلیم کی طرف راغب کرنے میں اے این پی کا اہم کردار ہے۔انہوں نے کہا کہ اے این پی اقتدار میں ہو یا اپوزیشن میں عوام کے حقوق کے لئے جدوجہد کرتی ہے یہی وجہ ہے کہ لوگ اے این پی اور باچاخان کے فلسفے کے ساتھ اپنا ناطہ جوڑ رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ 25اکتوبر کو کوئٹہ میں پی ڈی ایم کے جلسے کے کامیابی کے لئے اپوزیشن کی تمام پارٹیاں بھر پورکردار ادا کررہی ہیں ۔ عوامی نیشنل پارٹی جلسے کی کامیابی کے لئے بھر پور کردار ادا کریں کیونکہ سلیکٹڈ حکمرانوں سے نجات پی ڈی ایم کی جدوجہد میں مضمر ہے۔