25 اکتوبرکا جلسہ حکومت کے خاتمے کا سبب بنے گا‘ن لیگ

October 22, 2020

کوئٹہ(آن لائن)پاکستان مسلم لیگ(ن) کوئٹہ ڈویژن کے صدر محمد رحیم کاکڑ،جنرل سیکرٹری نسیم الرحمان،آغا عمر شاہ،جنرل سیکرٹری کوئٹہ جاوید اقبال ،صدر پشین سعد اللہ ترین،جنرل سیکرٹری میروائس کاکڑ ایڈووکیٹ، تحصیل نا نا صاحب،شاہ مسعود کاکڑ ،ارباب اقبال،ذاکر بنگلزئی،آصف حریفال،شہباز خان اور محراب خان نےکہا ہے پی ڈی ایم کے جلسوں سے حکمران بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئے۔ 25اکتوبر کو ہونیوالا جلسہ ناکام حکومت کے خاتمے کا سبب بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ سوچے سمجھے منصوبے کے تحت جمہوری و سیاسی قوتوں کو دیوار سے لگاکر غیر جمہوری و غیر سیاسی قوتوں کو عوام پر مسلط کردیا گیاجس کا خمیازہ آج عوام کو بھگتنا پڑرہا ہے۔ مہنگائی وبیروزگاری کی وجہ سے عوام کا جینا دوبھرہوگیا ۔ اشیاء ضروریہ کی ہر چیز عوام کی دسترس سے باہر ہوگئی ہے اور آئے روز کی مہنگائی نے عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے۔ انہوں نے بلوچستان بھر کے عوام سے اپیل کی کہ وہ نااہل حکومت کی ناکام پالیسیوں کے خلاف پی ڈی ایم کے زیراہتمام ہونیوالے 25اکتوبر کے جلسے میں بھرپور شرکت کریں اور ثابت کریں کہ موجودہ حکومت تاریخ کی ناکام ترین حکومت ہے ۔