یورپی شہروں میں فضائی آلودگی کے باعث سالانہ 190؍ ارب ڈالرز کا نقصان ہوتا ہے، تحقیق

October 22, 2020

کراچی (نیوز ڈیسک) ماحولیاتی ماہرین نے ایک تحقیق میں بتایا ہے کہ یورپی شہروں میں آلودگی کی وجہ سے طویل اور قلیل مدتی صحت کے مسائل کے باعث ان ممالک کی معیشتوں کو 190؍ ارب ڈالرز کا ہر سال نقصان ہوتا ہے۔ ماہرین نے بتایا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی کی وجہ سے یورپ کے ہر شہری کو اوسطاً صحت کی مد میں اپنی آمدنی کا تقریباً چار فیصد حصہ یعنی 1250؍ یورو صحت پر خرچ کرنا پڑتا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فضائی آلودگی کے نتیجے میں وہ حالات پیدا ہوتے ہیں جو کورونا وائرس کو پھیلانے میں موثر ثابت ہو رہے ہیں۔ ماہرین کے تجزیے میں بتایا گیا ہے کہ تحقیق کے نتائج سے یہ شواہد بھی ملتے ہیں کہ یورپی شہروں میں فضائی آلودگی میں کمی لانا ترجیحات میں شامل ہونا چاہئے تاکہ یورپی شہروں میں عوامی فلاح و بہبود کو بہتر بنایا جا سکے۔