حوالاتی کو لہو لہان کرنے کا الزام ، ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل طلب

October 22, 2020

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) انسداد منشیات کی خصوصی عدالت راولپنڈی ڈویژن کے جج سہیل ناصر نے حوالاتی کو لہو لہان کرنے کے الزام میں ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو طلب کر لیا اور انتہائی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قیدی اور حوالاتی آپ لوگوں کے رحم وکرم پر ہوتے ہیں کس قانون اور اختیار کے تحت اس حوالاتی کو درندگی کا نشانہ بنایا گیا فوری طور پر مضروب کا میڈیکل کروا کر آج ہر صورت حقائق پر مبنی رپورٹ پیش کریں اگر جانب داری برتنے کی کوشش کی گئی تو سپرنٹنڈنٹ اور ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ کیخلاف سخت کارروائی ہوگی، گزشتہ روز منشیات کیس کی سماعت کے موقع پرعدالت نے کہا کہ اگر اس حوالاتی نے بدتمیزی کی بھی تھی تو آپ لوگوں کو کس نے یہ اختیار دیا ہے کہ ایک نہتے حوالاتی کو اس طرح پیٹا جائے کیا، ملک میں قانون نام کی کوئی چیز نہیں ہے، تو ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ نے اپنا سامنہ لئے کہا کہ جی میں تحقیقات کروں گا۔