ضلع بھر میں غیرقانونی پیٹرول پمپس کیخلاف گرینڈ آپریشن کی تیاریاں

October 22, 2020

ملتان (سٹاف رپورٹر ) ضلع ملتان میں غیرقانونی پٹرول پمس کے خلاف گرینڈ آپریشن کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں، گرینڈآپریشن میں ضلعی انتظامیہ، کسٹم، سول ڈیفنس، پولیس اور متعلقہ محکمے حصہ لیں گے جب کہ غیر قانونی پٹرول پمس کے خلاف کارروائی کیلئے لسٹوں کی تیاری کا کام بھی شروع کردیا گیا ہے، اس سلسلہ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قمر الزمان قیصرانی کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں اسسٹنٹ کلکٹر کسٹم رئیسہ کنول نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قمر الزمان قیصرانی نے کہا کہ غیرقانونی پٹرول پمس مالکان کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔ضلع بھر میں غیرقانونی پٹرول پمس کے خلاف کارروائی کیلئے تمام محکمے ایک پیچ پر ہیں، ساتھ ہی کسٹم حکام کو غیرقانونی پٹرول پمس کے خلاف کارروائی کیلئے بھرپور معاونت بھی فراہم کی جائے گی، انہوں نے مزید کہا کہ سول ڈیفنس، پولیس،محکمہ انڈسٹریز غیر قانونی پٹرول پمس کے خلاف کارروائی کے لئے اپنےفوکل پرسن نامزد کریں، منظم منصوبہ بندی کے تحت غیر قانونی پٹرول پمپس کے خلاف گھیرا تنگ کیا جائے گا۔